Muslim99Muslim99

Muwatta Imam Malik · Book 28 · Chapter 339

طلاق کے مسائل کی کتاب

طلاق بتہ یعنی تین اکٹھی طلاقوں کا بیان

4 hadiths in this chapter

1132

Muwatta Imam Malik #1132

Sahih

[1132] حَدَّثَنِی یَحْیَی، عَنْ مَالِکٍ، أَ نَّہُ بَلَغَہُ : أَنَّ رَجُلاً قَالَ لِعَبْدِ اللّٰہِ بْنِ عَبَّاسٍ : إنِّی طَلَّقْتُ امْرَأَتِی مِئَۃَ تَطْلِیقَۃٍ، فَمَاذَا تَرَی عَلَیَّ؟ َقَالَ لَہُ ابْنُ عَبَّاسٍ : طَلُقَتْ مِنْکَ لِثَلاَثٍ، وَسَبْعٌ وَتِسْعُونَ اتَّخَذْتَ بِہَا آیَاتِ اللّٰہِ ہُزُواً۔

اردو ترجمہ · Urdu

امام مالک کو یہ خبر پہنچی کہ ایک شخص نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے کہا کہ میں نے اپنی بیوی کو سو طلاقیں دے دی ہیں تو آپ مجھ پر کیا لازم دیکھتے ہیں ؟ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے اس سے فرمایا : وہ تو تین طلاقوں کے ساتھ ہی مطلقہ ہو گئی تھی ( اور شادی کے بندھن سے آزاد ہو گئی تھی ) اور تو نے ( باقی ) ستانوے طلاقوں کے ساتھ اللہ کی آیات کو استہزاء کا نشانہ بنایا ہے ۔

1133

Muwatta Imam Malik #1133

Sahih

[1133] وَحَدَّثَنِی عَنْ مَالِکٍ، أَ نَّہُ بَلَغَہُ : أَنَّ رَجُلاً جَائَ إِلَی عَبْدِ اللّٰہِ بْنِ مَسْعُودٍ فَقَالَ : إنِّی طَلَّقْتُ امْرَأَتِی ثَمَانِیَ تَطْلِیقَاتٍ۔ فَقَالَ ابْنُ مَسْعُودٍ : فَمَاذَا قِیلَ لَکَ؟ قَالَ : قِیلَ لِی : إِنَّہَا قَدْ بَانَتْ مِنِّی۔ فَقَالَ ابْنُ مَسْعُودٍ : صَدَقُوا، مَنْ طَلَّقَ کَمَا أَمَرَہُ اللَّہُ، فَقَدْ بَیَّنَ اللَّہُ لَہُ، وَمَنْ لَبَسَ عَلَی نَفْسِہِ لَبْساً، جَعَلْنَا لَبْسَہُ مُلْصَقاً بِہِ، لاَ تَلْبِسُوا عَلَی أَنْفُسِکُمْ، وَنَتَحَمَّلَہُ عَنْکُمْ، ہُوَ کَمَا یَقُولُونَ۔

اردو ترجمہ · Urdu

امام مالک رحمہ اللہ کو یہ خبر پہنچی کہ ایک آدمی سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ بے شک میں نے اپنی بیوی کو آٹھ طلاقیں دے دی ہیں تو سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا : تو تجھے کیا کہا گیا ؟ اس نے کہا ! مجھے بتایا گیا ہے کہ وہ عورت یقیناً مجھ سے جدا ہو گئی ہے ۔ انھوں نے کہا : لوگوں نے سچ ہی کہا ہے ، جس شخص نے طلاق اس طرح دی جیسے اللہ نے ( سورہ بقرہ میں بیان ) فرمایا ہے تو اس کے لیے اللہ تعالیٰ نے ( مکمل صورت حال کو تفصیل سے ) بیان فرما دیا ہے اور جو شخص اپنے اوپر معاملے کو خلط ملط کر دے ( کوئی گڑ بڑ کر دے ) تو ہم اس کے معاملے کو اس کے ساتھ ملا دیں گے ( اور اسی کو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا ، اپنے آپ پر معاملہ خلط ملط نہ کیا کرو کہ ہمیں بھی تمھاری طرف سے اس ( کے متعلق سوچ بچار اور سزا دینے ) کی تکلیف و مصیبت اٹھانی پڑے ۔ ( تیرا ) وہ معاملہ اس طرح ہی ہے جیسے لوگ کہتے ہیں ۔

1134

Muwatta Imam Malik #1134

Sahih

[1134] وَحَدَّثَنِی عَنْ مَالِکٍ، عَنْ یَحْیَی بْنِ سَعِیدٍ، عَنْ أبِی بَکْرِ بْنِ حَزْمٍ، أَنَّ عُمَرَ بْنَ عَبْدِ الْعَزِیزِ قَالَ لَہُ : الْبَتَّۃُ مَا یَقُولُ النَّاسُ فِیہَا؟ قَالَ أَبُو بَکْرٍ : فَقُلْتُ لَہُ کَانَ أَبَانُ بْنُ عُثْمَانَ یَجْعَلُہَا وَاحِدَۃً۔ فَقَالَ عُمَرُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِیزِ : لَوْ کَانَ الطَّلاَقُ أَلْفاً, مَا أَبْقَتِ الْبَتَّۃُ مِنْہُ شَیْئاً، مَنْ قَالَ الْبَتَّۃَ، فَقَدْ رَمَی الْغَایَۃَ الْقُصْوَی۔

اردو ترجمہ · Urdu

ابوبکر بن ( محمد بن عمرو بن ) حزم سے روایت ہے کہ سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے ( ان سے ) کہا کہ بتہ طلاق کے متعلق لوگ کیا کہتے ہیں ؟ ابوبکر کہتے ہیں کہ میں نے ان سے کہا : ( امیر مدینہ ) ابان بن عثمان اسے ایک شمار کرتے تھے تو عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ فرمانے لگے : اگر ( جائز ) طلاقیں ہزار بھی ہوتیں تو بتہ طلاق ان میں سے کسی کو بھی باقی نہ چھوڑتی ، جس شخص نے بھی ( طلاق دیتے وقت ) بتہ کہہ دیا تو اس نے آخری انتہاء پر تیر پھینک دیا ( وہ انتہاء کو پہنچ گیا اور اس کے لیے رجوع کا حق ختم ہو گیا ) ۔

1135

Muwatta Imam Malik #1135

Zaeef

[1135] وَحَدَّثَنِی عَنْ مَالِکٍ، عَنِ ابْنِ شِہَابٍ: أَنَّ مَرْوَانَ بْنَ الْحَکَمِ، کَانَ یَقْضِی فِی الَّذِی یُطَلِّقُ امْرَأَتَہُ الْبَتَّۃَ : أَ نَّہَا ثَلاَثُ تَطْلِیقَاتٍ۔

اردو ترجمہ · Urdu

ابن شہاب رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ ( امیر مدینہ ) مروان بن حکم اس شخص کے متعلق جو اپنی بیوی کو طلاق بتہ دے ، یہ فیصلہ فرماتے تھے کہ بلاشبہ وہ تین طلاقیں ہیں ۔