Muslim99Muslim99

Silsila Sahiha · Book 24 · Chapter 2323

فتنے، علامات قیامت اور حشر

علامات قیامت

30 hadiths in this chapter

3565

Silsila Sahiha #3565

Sahih

-" إذا رايت الامة ولدت ربتها او ربها ورايت اصحاب الشاء يتصاولون بالبنيان ورايت الحفاة الجياع العالة كانوا رءوس الناس، فذلك من معالم الساعة واشراطها".-" إذا رأيت الأمة ولدت ربتها أو ربها ورأيت أصحاب الشاء يتصاولون بالبنيان ورأيت الحفاة الجياع العالة كانوا رءوس الناس، فذلك من معالم الساعة وأشراطها".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مجلس میں تشریف فرما تھے، جبریل علیہ السلام آ کر آپ کے سامنے یوں بیٹھے کہ اپنی ہتھیلیاں رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے گھٹنوں پر رکھ دیں اور کہا: اے اللہ رسول! مجھے اسلام کے بارے میں بتائیں۔۔۔۔ (‏‏‏‏روای نے طویل حدیث ذکر کی، اس میں یہ الفاظ بھی تھے:) انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! مجھے بتائیں کہ قیامت کب آئے گی؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سبحان اللہ! پانچ امور کا تعلق علم غیب سے ہے، صرف اللہ تعالیٰ ان کو جانتا ہے، (‏‏‏‏وہ پانچ چیزیں اس آیت میں مذکور ہیں:) «إِنَّ اللَّـهَ عِنْدَهُ عِلْمُ السَّاعَةِ وَيُنَزِّلُ الْغَيْثَ وَيَعْلَمُ مَا فِي الْأَرْحَامِ وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ مَاذَا تَكْسِبُ غَدًا وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ إِنَّ اللَّـهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ» ”‏‏‏‏بیشک اللہ تعالیٰ ہی کے پاس قیامت کا علم ہے، وہی بارش نازل فرماتا ہے اور ماں کے پیٹ میں جو ہے اسے جانتا ہے، کوئی بھی نہیں جانتا کہ کل کیا کچھ کرے گا، نہ کسی کو یہ معلوم ہے کہ کس زمین میں مرے گا (‏‏‏‏یاد رکھو کہ) اللہ تعالیٰ ہی پورے علم والا اور صحیح خبروں والا ہے۔“ (۳۱-لقمان:۴۵) ہاں اگر تم چاہتے ہو تو میں تمہیں قیامت سے پہلے والی علامت کے بارے میں آگاہ کر دیتا ہوں۔“ انہوں نے کہا: جی ہاں، اے اللہ کے رسول! مجھے بیان کیجئیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم دیکھو گے کہ لونڈی اپنے آقا کو جنم دے گی، بکریوں کے چرواہے (‏‏‏‏عالیشان) عمارتوں میں غرور تکبر کریں گے۔ ننگے پاؤں، بھوکے اور فقیر افراد لوگوں کے سردار بن جائیں گے۔ یہ قیامت کی علامتیں اور شرطیں ہیں۔ انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول بکریوں کے چرواہوں، ننگے پاؤں، بھوکوں اور فقیروں سے کون لوگ مراد ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عرب لوگ۔“

3566

Silsila Sahiha #3566

Sahih

-" إن بين يدي الساعة تسليم الخاصة وفشو التجارة، حتى تعين المراة زوجها على التجارة وقطع الارحام وشهادة الزور وكتمان شهادة الحق وظهور القلم".-" إن بين يدي الساعة تسليم الخاصة وفشو التجارة، حتى تعين المرأة زوجها على التجارة وقطع الأرحام وشهادة الزور وكتمان شهادة الحق وظهور القلم".

اردو ترجمہ · Urdu

طارق بن شہاب کہتے ہیں: ہم سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے، ایک آدمی آیا اور کہا: اقامت کہی جا چکی ہے، وہ کھڑے ہوئے اور ہم بھی کھڑے ہو گئے، جب ہم مسجد میں داخل ہوئے تو ہم نے دیکھا کہ لوگ مسجد کے اگلے حصے میں رکوع کی حالت میں ہیں۔ انہوں نے ”‏‏‏‏اللہ أکبر“ ‏‏‏‏ کہا اور (‏‏‏‏صف تک پہنچنے سے پہلے ہی) رکوع کیا، ہم نے بھی رکوع کیا، پھر ہم رکوع کی حالت میں چلے (‏‏‏‏اور صف میں کھڑے ہو گئے) اور جیسے انہوں نے کیا ہم کرتے رہے۔ ‏‏‏‏ ایک آدمی جلدی میں گزرا اور کہا: ابو عبدالرحمٰن! السلام علیکم۔ انہوں نے کہا: اللہ اور اس کے رسول نے سچ کہا۔ جب ہم نے نماز پڑھ لی اور واپس آ گئے، وہ اپنے اہل کے پاس چلے گئے۔ ہم بیٹھ گئے اور ایک دوسرے کو کہنے لگے: آیا تم لوگوں نے سنا ہے کہ انہوں نے ا‏‏‏‏س آدمی کو جواب دیتے ہوئے کہا: اللہ نے سچ کہا اور اس کے رسولوں نے (‏‏‏‏اس کا پیغام) پہنچا دیا؟ تم میں سے کون ہے جو ان سے ان کے کئے کے بارے میں سوال کرے؟ طارق نے کہا میں سوال کروں گا۔ جب وہ باہر آئے تو انہوں نے سوال کیا۔ جواباً انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت سے پہلے مخصوص لوگوں کو سلام کہا جائے گا اور تجارت عام ہو جائے گی، حتیٰ کہ بیوی تجارتی امور میں اپنے خاوند کی مدد کرے گی، نیز قطع رحمی، جھوٹی گواہی، سچی شہادت کو چھپانا اور لکھائی پڑھائی (‏‏‏‏بھی عام ہو جائے گی)۔“

3567

Silsila Sahiha #3567

Sahih

-" والذي نفسي بيده لا تقوم الساعة حتى يكلم السباع الإنس ويكلم الرجل عذبة سوطه وشراك نعله ويخبره فخذه بما حدث اهله بعده".-" والذي نفسي بيده لا تقوم الساعة حتى يكلم السباع الإنس ويكلم الرجل عذبة سوطه وشراك نعله ويخبره فخذه بما حدث أهله بعده".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: ایک بھیڑئیے نے بکری پر حملہ اور اس کو پکڑ لیا۔ چرواہا نے اس کا تعاقب کیا اور اس سے بکری چھین لی۔ بھیڑیا پچھلی ٹانگوں کو زمین پر پھیلا کر اور اگلی ٹانگوں کو کھڑا کر کے اپنی دم پر بیٹھ گیا اور کہنے لگا: کیا تو اللہ تعالیٰ سے نہیں ڈرتا؟ اللہ نے مجھے جو رزق عطا کیا تھا، تو نے وہ چھین لیا ہے؟ چرواہا کہنے لگا: ہائے تعجب! بھیڑیا ہے، اپنی دم پر بیٹھا ہے اور انسانوں کی طرح گفتگو کر رہا ہے۔ اتنے میں بھیڑیا پھر بولا اور کہنے لگا: کیا میں تجھے اس سے تعجب انگیز بات نہ بتلاؤں؟ محمد صلی اللہ علیہ وسلم یثرب (‏‏‏‏مدینہ) میں آ چکے ہیں اور ماضی کی خبریں بتاتے ہیں۔ (‏‏‏‏یہ سن کر) چرواہا اپنی بکریوں کو ہانکتے ہانکتے مدینہ میں داخل ہوا، بکریوں کو کسی گوشے میں جمع کیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا اور لوگوں کو جمع کرنے کے لیے «الصلاة جامعة» کی صدا بلند کی گئی، (‏‏‏‏لوگ جمع ہو گئے اور) آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کے پاس تشریف لائے اور چرواہے کو سارا واقعہ بیان کرنے کا حکم فرمایا۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود فرمایا: ”اس نے سچ کہا، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! قیامت کے برپا ہونے سے پہلے درندے لوگوں سے باتیں کریں گے، آدمی اپنی لاٹھی کی نوک اور جوتے کے تسمے سے ہم کلام ہو گا اور اس کی ران اسے بتلائے گی کی اس کی بیوی نے اس کے بعد کیا کچھ کیا۔“

3568

Silsila Sahiha #3568

Sahih

- (لا تقوم الساعة حتى تزول الجبال عن اماكنها؛ وترون الامور العظام التي لم تكونوا ترونها).- (لا تقومُ الساعةُ حتى تزولَ الجبالُ عن أماكِنها؛ وترونَ الأمورَ العِظامَ التي لم تكونوا ترونَها).

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک پہاڑ اپنی جگہ سے زائل نہیں ہو جائیں گے اور تم ایسے بڑے بڑے امور نہ دیکھ لو گے جو تم پہلے نہیں دیکھا کرتے تھے۔“

3569

Silsila Sahiha #3569

Sahih

-" إن بين يدي الساعة ثلاثين دجالا كذابا".-" إن بين يدي الساعة ثلاثين دجالا كذابا".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس ایک کوفی آدمی بیٹھا ہوا تھا، اس نے مختار سے احادیث بیان کرنا شروع کر دیں۔ سیدنا عبداللہ نے کہا: اگر بات ایسے ہی ہے جیسے تو کہہ رہا ہے تو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ”قیامت سے پہلے تیس انتہائی جھوٹے اور کذاب افراد ہوں گے۔“

3570

Silsila Sahiha #3570

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى يبني الناس بيوتا يوشونها وشي المراحيل".-" لا تقوم الساعة حتى يبني الناس بيوتا يوشونها وشي المراحيل".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی، جب تک لوگ اپنے گھروں کو اسٹیج کی طرح مزین نہیں کریں گے۔“

3571

Silsila Sahiha #3571

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى يتسافدوا في الطريق تسافد الحمير، قلت: إن ذلك لكائن؟ قال: نعم ليكونن".-" لا تقوم الساعة حتى يتسافدوا في الطريق تسافد الحمير، قلت: إن ذلك لكائن؟ قال: نعم ليكونن".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی، جب ایسے نہیں ہو گا کہ لوگ گدھوں کی طرح راستوں میں باہم جفتی کریں گے۔“ ‏‏‏‏ میں نے کہا: کیا ایسے بھی ہو گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏ ہاں، ضرور ہو گا۔ ‏‏‏‏“

3572

Silsila Sahiha #3572

Sahih

-" لا يذهب الليل والنهار حتى تعبد اللات والعزى , فقالت عائشة: يا رسول الله إن كنت لاظن حين انزل الله * (هو الذي ارسل رسوله بالهدى ودين الحق ليظهره على الدين كله ولو كره المشركون) * ان ذلك تاما , قال: إنه سيكون من ذلك ما شاء الله". الحديث." لا يذهب الليل والنهار حتى تعبد اللات والعزى , فقالت عائشة: يا رسول الله إن كنت لاظن حين انزل الله * (هو الذي ارسل رسوله بالهدى ودين الحق ليظهره على الدين كله ولو كره المشركون) * ان ذلك تاما , قال: إنه سيكون من ذلك ما شاء الله". الحديث.-" لا يذهب الليل والنهار حتى تعبد اللات والعزى , فقالت عائشة: يا رسول الله إن كنت لأظن حين أنزل الله * (هو الذي أرسل رسوله بالهدى ودين الحق ليظهره على الدين كله ولو كره المشركون) * أن ذلك تاما , قال: إنه سيكون من ذلك ما شاء الله". الحديث." لا يذهب الليل والنهار حتى تعبد اللات والعزى , فقالت عائشة: يا رسول الله إن كنت لأظن حين أنزل الله * (هو الذي أرسل رسوله بالهدى ودين الحق ليظهره على الدين كله ولو كره المشركون) * أن ذلك تاما , قال: إنه سيكون من ذلك ما شاء الله". الحديث.

اردو ترجمہ · Urdu

سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس وقت تک شب و روز کا سلسلہ ختم نہیں ہو گا، جب تک لات و عزیٰ کی عبادت نہیں کی جائے گی۔“ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: اے اللہ کے رسول! جب اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: «هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُونَ» (۹-التوبة: ٣٣) ”اسی نے رسول کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ بھیجا ہے کہ اسے دوسرے تمام مذہبوں پر غالب کر دے، اگرچہ مشرک برا مانیں۔“ تو مجھے گمان ہوا کہ یہ دین اب مکمل رہے گا (‏‏‏‏اور کوئی خرابی پیدا نہیں ہو گی)۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تک اللہ چاہے گا، دین مکمل رہے گا۔“

3573

Silsila Sahiha #3573

Sahih

-" لا يذهب الليل والنهار، حتى يملك رجل من الموالي يقال له: جهجاه".-" لا يذهب الليل والنهار، حتى يملك رجل من الموالي يقال له: جهجاه".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”شب و روز کا سلسلہ اس وقت تک ختم نہیں ہو گا، جب تک جہجاہ نامی غلام بادشاہ نہیں بنے گا۔“

3574

Silsila Sahiha #3574

Sahih

- (بين يدي الساعة، تقاتلون قوما نعالهم الشعر؛ وهو هذا البارز (¬1) - وقال سفيان مرة: وهم اهل البازر (¬2) -).- (بين يدي الساعة، تقاتلون قوماً نعالهم الشعر؛ وهو هذا البارز (¬1) - وقال سفيان مرة: وهم أهل البازر (¬2) -).

اردو ترجمہ · Urdu

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت سے قبل تم ایسے لوگوں سے قتال کرو گے جن کے جوتے بالوں کے ہوں گے اور یہی لوگ ہیں مسلمانوں سے لڑنے والے۔“ یہ حدیث سیدنا ابوہریرہ، سیدنا عمرو بن تغلب اور سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہم سے مروی ہے۔

3575

Silsila Sahiha #3575

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى تقاتلوا قوما صغار الاعين عراض الوجوه كان اعينهم حدق الجراد، كان وجوههم المجان المطرقة، ينتعلون الشعر ويتخذون الدرق، حتى يربطوا خيولهم بالنخل".-" لا تقوم الساعة حتى تقاتلوا قوما صغار الأعين عراض الوجوه كأن أعينهم حدق الجراد، كأن وجوههم المجان المطرقة، ينتعلون الشعر ويتخذون الدرق، حتى يربطوا خيولهم بالنخل".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏اس وقت تک قیامت قائم نہیں ہو گی جب تک تم چھوٹی آنکھوں اور چوڑے چہروں والوں سے قتال نہ کر لو گے، گویا کہ ان کی آنکھیں مکڑی کی سیاہی کی طرح ہوں گی اور ان کے چہرے گویا کہ تہ بر تہ چڑھائی ہوئی ڈھالیں ہیں، وہ بالوں کے جوتے پہنیں گے، چمڑے کی ڈھالیں استعمال کریں گے اور اپنے گھوڑوں کو کھجوروں کے ساتھ باندھیں گے۔“

3576

Silsila Sahiha #3576

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى لا يحج البيت".-" لا تقوم الساعة حتى لا يحج البيت".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس وقت تک قیامت قائم نہیں ہو گی، جب تک بیت اللہ کا حج چھوڑ نہ دیا جائے۔“

3577

Silsila Sahiha #3577

Sahih

- (لا تقوم الساعة؛ حتى يقتل الرجل جاره واخاه واباه).- (لا تقومُ السّاعةُ؛ حتّى يقتل الرجلُ جارَه وأخاه وأباه).

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک آدمی اپنے پڑوسی، اپنے بھائی اور اپنے باپ کو قتل نہیں کرے گا۔“

3578

Silsila Sahiha #3578

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى يمر الرجل بقبر الرجل، فيقول: يا ليتني مكانه ما به حب لقاء الله عز وجل".-" لا تقوم الساعة حتى يمر الرجل بقبر الرجل، فيقول: يا ليتني مكانه ما به حب لقاء الله عز وجل".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس وقت تک قیامت قائم نہیں ہو گی جب تک ایسا نہ ہو کہ آدمی کسی قبر کے پاس سے گزرے اور اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے کے شوق کی بناء پر کہے گا: کاش میں اس کی جگہ پر ہوتا۔“

3579

Silsila Sahiha #3579

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى يمطر الناس مطرا عاما، ولا تنبت الارض شيئا".-" لا تقوم الساعة حتى يمطر الناس مطرا عاما، ولا تنبت الأرض شيئا".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس وقت تک قیامت قائم نہیں ہو گی، جب تک ایسے نہیں ہو گا کہ عام بارش برسے گی لیکن زمین کوئی (‏‏‏‏کھیتی) نہیں اگائے گی۔“

3580

Silsila Sahiha #3580

Sahih

- (لا تقوم الساعة حتى يمطر الناس مطرا، لا تكن منه بيوت المدر، ولا تكن منه إلا بيوت الشعر).- (لا تقومُ الساعةُ حتى يُمطَرَ الناسُ مطراً، لا تُكِنُّ منه بيوتُ المدرِ، ولا تكنُّ منه إلاّ بيوتُ الشَّعرِ).

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی، جب تک ایسے نہیں ہو گا کہ بارش برسے گی اور کوئی گارے والا گھر نہیں بچ سکے گا اور اس سے نہیں بچے گا مگر بالوں والا گھر۔ ‏‏‏‏“

3581

Silsila Sahiha #3581

Sahih

-" من اقتراب الساعة انتفاخ الاهلة، وان يرى الهلال لليلة، فيقال: هو ابن ليلتين".-" من اقتراب الساعة انتفاخ الأهلة، وأن يرى الهلال لليلة، فيقال: هو ابن ليلتين".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت کے قریب (‏‏‏‏ہونے کی علامت یہ بھی ہے کہ) چاند بڑا ہو جائے گا، جب ایک رات کا چاند نظر آئے گا تو کہا جائے گا کہ یہ تو دو راتوں کا ہے۔“

3582

Silsila Sahiha #3582

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى تظهر الفتن ويكثر الكذب وتتقارب الاسواق ويتقارب الزمان ويكثر الهرج. قيل: وما الهرج؟ قال: القتل".-" لا تقوم الساعة حتى تظهر الفتن ويكثر الكذب وتتقارب الأسواق ويتقارب الزمان ويكثر الهرج. قيل: وما الهرج؟ قال: القتل".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت قائم ہو گی جب فتنے ظاہر ہوں گے، جھوٹ عام ہو جائیں گے، وقت جلدی گزرے گا اور «هرج» زیادہ ہو گا۔“ کہا گیا: «هرج» کے کیا معانی ہیں؟ فرمایا: ”‏‏‏‏قتل۔ ‏‏‏“

3583

Silsila Sahiha #3583

Sahih

-" لا تقوم الساعة حتى تعود ارض العرب مروجا وانهارا".-" لا تقوم الساعة حتى تعود أرض العرب مروجا وأنهارا".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت اس وقت تک برپا نہیں ہو گی جب تک عربوں کی سرزمین سبزہ زاروں اور نہروں کی صورت اختیار نہیں کر لے گی۔“

3584

Silsila Sahiha #3584

Sahih

- (إن بين يدي الساعة لاياما ينزل فيها الجهل، ويرفع فيها العلم، ويكثر فيها الهرج. [قال ابوموسى:] الهرج: القتل [بلسان الحبشة]).- (إن بين يدي السّاعة لأياماً ينزلُ فيها الجهلُ، ويرفعُ فيها العلمُ، ويكثرُ فيها الهرجُ. [قال أبوموسى:] الهرج: القتل [بلسان الحبشة]).

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ اور سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت سے قبل ایسے ایام بھی ہوں گے کہ ان میں جہالت عام ہو جائے گی، علم کا فقدان ہو جائے گا اور بکثرت قتل ہوں گے۔ ”‏‏‏‏ سیدنا ابوموسیٰ کہتے ہیں: ‏‏‏‏ «هرج» ‏‏‏‏ حبشی زبان کا لفظ ہے، اس کے معانی ”‏‏‏‏قتل‏‏‏‏“ کے ہیں۔

3585

Silsila Sahiha #3585

Sahih

-" إن بين يدي الساعة الهرج، قالوا: وما الهرج؟ قال: القتل، إنه ليس بقتلكم المشركين، ولكن قتل بعضكم بعضا (حتى يقتل الرجل جاره ويقتل اخاه ويقتل عمه ويقتل ابن عمه) قالوا: ومعنا عقولنا يومئذ؟ قال: إنه لتنزع عقول اهل ذلك الزمان، ويخلف له هباء من الناس، يحسب اكثرهم انهم على شيء وليسوا على شيء".-" إن بين يدي الساعة الهرج، قالوا: وما الهرج؟ قال: القتل، إنه ليس بقتلكم المشركين، ولكن قتل بعضكم بعضا (حتى يقتل الرجل جاره ويقتل أخاه ويقتل عمه ويقتل ابن عمه) قالوا: ومعنا عقولنا يومئذ؟ قال: إنه لتنزع عقول أهل ذلك الزمان، ويخلف له هباء من الناس، يحسب أكثرهم أنهم على شيء وليسوا على شيء".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت سے پہلے «هرج» ہو گا۔“ کسی نے پوچھا: «هرج» کا کیا معنی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس کا معنی قتل ہے، (‏‏‏‏ذہن نشین کر لو کہ) اس سے مراد تمہارا مشرکوں کو قتل کرنا نہیں ہے، بلکہ آپس میں ایک دوسرے کو قتل کرنا ہے، (‏‏‏‏اور بات یہاں تک جا پہنچے گی کہ) آدمی اپنے پڑوسی کو، بھائی کو، چچا کو اور چچا زاد کو قتل کر ڈالے گا۔“ صحابہ نے کہا: کیا اس وقت ہم میں عقل باقی ہو گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ا‏‏‏‏س زمانے والوں کی عقلیں سلب کر لی جائیں گی وہ بیوقوف ہوں گے، ان کی اکثریت اپنے آپ کو بزعم خود کسی حقیقت پر خیال کرے گی، لیکن وہ کسی حقیقت پر نہیں ہوں گے۔“ ‏‏‏‏ ابوموسیٰ نے کہا اس ذ ات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! اگر ایسے ایام ہم کو پا لیں تو ان سے راہ فرار کا ایک ہی طریقہ ہو گا کہ جیسے ہم داخل ہوئے ایسے ہی وہاں سے نکل آئیں، نہ کسی کا خون بہائیں اور نہ کسی کا مال چھینیں۔

3586

Silsila Sahiha #3586

Sahih

-" من اقتراب (وفي رواية: اشراط) الساعة ان ترفع الاشرار وتوضع الاخيار ويفتح القول ويخزن العمل ويقرا بالقوم المثناة، ليس فيهم احد ينكرها. قيل: وما المثناة؟ قال: ما استكتب (¬1) سوى كتاب الله عز وجل".-" من اقتراب (وفي رواية: أشراط) الساعة أن ترفع الأشرار وتوضع الأخيار ويفتح القول ويخزن العمل ويقرأ بالقوم المثناة، ليس فيهم أحد ينكرها. قيل: وما المثناة؟ قال: ما استكتب (¬1) سوى كتاب الله عز وجل".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏قیامت کے قریب ہونے کی علامت یہ ہے کہ بدترین لوگوں کو اعلیٰ مناصب دیئے جائیں گے، شریف لوگوں کو ذلیل سمجھا جائے گا، لوگ بڑی بڑی باتیں (‏‏‏‏یعنی بڑکیں) ماریں گے، عمل محدود ہو جائے گا اور لوگوں میں «مثناة» ‏‏‏‏ عام ہو گی، کوئی بھی اس کا انکار نہیں کر سکے گا۔“ کہا گیا کہ «مثناة» سے کیا مراد ہے؟ فرمایا: ”‏‏‏‏جو چیز قرآنی (‏‏‏‏علوم) کے علاوہ لکھی جائے۔ ‏‏‏‏“

3587

Silsila Sahiha #3587

Sahih

-" سياتي على الناس سنوات خداعات يصدق فيها الكاذب ويكذب فيها الصادق ويؤتمن فيها الخائن ويخون فيها الامين وينطق فيها الرويبضة. قيل: وما الرويبضة؟ قال: الرجل التافه يتكلم في امر العامة".-" سيأتي على الناس سنوات خداعات يصدق فيها الكاذب ويكذب فيها الصادق ويؤتمن فيها الخائن ويخون فيها الأمين وينطق فيها الرويبضة. قيل: وما الرويبضة؟ قال: الرجل التافه يتكلم في أمر العامة".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگوں پر عنقریب فریبی و مکاری والا زمانہ آئے گا، اس میں جھوٹے کو سچا اور سچے کو جھوٹا سمجھا جائے گا اور خائن کو امین اور امانتدار کو خائن قرار دیا جائے گا اور «رويبضه» قسم کے لوگ (‏‏‏‏ ‏‏‏‏عوام الناس کے امور سے متعلقہ) گفتگو کریں گے۔“ پوچھا گیا کہ «رويبضه» سے کیا مراد ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”معمولی اور کم عقل لوگ جو عوام الناس کے امور پر بحث و مباحثہ کریں گے۔“

3588

Silsila Sahiha #3588

Sahih

-" إن من اشراط الساعة إذا كانت التحية على المعرفة. وفي رواية: ان يسلم الرجل على الرجل لا يسلم عليه إلا للمعرفة".-" إن من أشراط الساعة إذا كانت التحية على المعرفة. وفي رواية: أن يسلم الرجل على الرجل لا يسلم عليه إلا للمعرفة".

اردو ترجمہ · Urdu

اسود بن یزید کہتے ہیں: مسجد میں نماز کے لیے اقامت کہہ دی گئی، ہم سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے ساتھ مسجد کی طرف چل پڑے، لوگ رکوع کی حالت میں تھے، سیدنا عبداللہ نے (‏‏‏‏صف تک پہنچنے سے قبل ہی) رکوع کر لیا اور ہم بھی رکوع کے لیے جھک گئے اور رکوع کی حالت میں چل کر (‏‏‏‏صف میں کھڑے ہو گئے)۔ ایک آدمی سیدنا عبداللہ کے سامنے سے گزرا، اس نے کہا: ابو عبدالرحمٰن! السلام علیکم۔ سیدنا عبداللہ نے رکوع کی حالت میں ہی کہا: اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سچ فرمایا۔ جب وہ نماز سے فارغ ہوئے تو بعض افراد نے سوال کیا: جب ا‏‏‏‏س آدمی نے آپ پر سلام کہا تو آپ نے یہ کیوں کہا: اللہ اور اس کے رسول نے سچ فرمایا؟ انہوں نے جواباََ کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ”یہ چیز بھی علامات قیامت میں سے ہے کہ سلام معرفت کی بنا پر ہو گا۔“ اور ایک روایت میں ہے: ”ایک آدمی دوسرے کو سلام تو کہے گا، لیکن معرفت کی بنا پر کہے گا۔“

3589

Silsila Sahiha #3589

Sahih

-" إن من اشراط الساعة ان يفيض المال ويكثر الجهل وتظهر الفتن وتفشو التجارة [ويظهر العلم]".-" إن من أشراط الساعة أن يفيض المال ويكثر الجهل وتظهر الفتن وتفشو التجارة [ويظهر العلم]".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عمرو بن تغلب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ چیز علامات قیامت میں سے ہے کہ مال پھیل جائے گا، جہالت عام ہو جائے گی، فتنے ابھر پڑیں گے، تجارت عام ہو جائے گی اور علم (‏‏‏‏یعنی پڑھائی لکھائی) عام ہو گی۔“

3590

Silsila Sahiha #3590

Sahih

-" إن من اشراط الساعة ان يلتمس العلم عند الاصاغر".-" إن من أشراط الساعة أن يلتمس العلم عند الأصاغر".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا ابوامیہ جمحی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏یہ چیز علامات قیامت میں سے ہے کہ حقیر و ذلیل لوگوں کے پاس علم تلاش کیا جائے گا۔ ‏‏‏‏“

3591

Silsila Sahiha #3591

Sahih

-" إن من اشراط الساعة ان يمر الرجل في المسجد لا يصلي فيه ركعتين".-" إن من أشراط الساعة أن يمر الرجل في المسجد لا يصلي فيه ركعتين".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”‏‏‏‏یہ چیز بھی علامات قیامت میں سے ہے کہ آدمی دو رکعت نماز پڑھے بغیر مسجد سے گزر جائے گا۔“ ‏‏‏‏

3592

Silsila Sahiha #3592

Sahih

-" إن من اشراط الساعة الفحش والتفحش وقطيعة الارحام وائتمان الخائن - احسبه قال: وتخوين الامين".-" إن من أشراط الساعة الفحش والتفحش وقطيعة الأرحام وائتمان الخائن - أحسبه قال: وتخوين الأمين".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بدزبانی، فحش گوئی، قطع رحمی، خائن کو امین اور امانتدار کو خائن سمجھنا علامات قیامت میں سے ہے۔“

3593

Silsila Sahiha #3593

Sahih

-" إذا سمعتم بجيش قد خسف به قريبا، فقد اظلت الساعة".-" إذا سمعتم بجيش قد خسف به قريبا، فقد أظلت الساعة".

اردو ترجمہ · Urdu

قعقاع بن ابوحدرد اسلمی کی بیوی بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر ارشاد فرماتے ہوئے سنا: ”‏‏‏‏ لوگو! جب تم قریب ہی کسی آدمی کے دھنسنے کے بارے میں سنو تو (‏‏‏‏اس کا مطلب یہ ہو گا کہ گویا) قیامت سایہ فگن ہو چکی ہے۔“

3594

Silsila Sahiha #3594

Sahih

-" بين يدي الساعة مسخ وخسف وقذف".-" بين يدي الساعة مسخ وخسف وقذف".

اردو ترجمہ · Urdu

سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قیامت کے قبل (‏‏‏‏لوگوں کی) شکلیں بگڑیں گی، انہیں دھنسایا جائے گا اور ان پر سنگ باری کی جائے گی۔“